شادی میں عمران خان کی تصویر لہرانا جرم بن گیا، 7 افراد گرفتار

حال۔۔۔۔۔۔۔ شادی میں عمران خان کی تصویر لہرانا جرم بن گیا، 7 افراد گرفتار کر لئے گئے، تقریب کے دوران ایک شخص نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی قد آور تصویر کی نمائش کی تو وہاں پر موجود لوگ اپنے جذبات کو قابو میں نہ رکھ سکے اور انہوں نے سابق وزیراعظم کے حق میں نعرے لگانا شروع کردیئے۔صوبہ پنجاب کے علاقہ راہوالی میں دعوت ولیمہ کی ایک تقریب میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تصویر لہرا کر نعرے لگانے پر 7افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

دعوت ولیمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی تصویر لہرا کر نعرے لگانے پر پی ٹی ائی کے دو پارٹی عہدیداروں سمیت 7افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ واقعہ اس پیش آیا جب پی ٹی آئی راہوالی کے رہنما زاہد ملک کے بھائی ملک حسن کی مقامی مارکی میں دعوت ولیمہ ہورہی تھی جس میں عزیزواقارب، رشتہ داروں کے علاوہ علاقہ کے تحریک انصاف کے کارکن، ایم پی اے اور عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران ایک موقع پر کسی کارکن نے عمران خان کی قد آور تصویر کی نمائش کی تو وہاں پر موجود کارکن اپنے جذبات کو قابو میں نہ رکھ سکے اور انہوں نے سابق وزیراعظم کے حق میں نعرے لگانا شروع کردیئے، جس پر تقریب ختم ہوتے ہی کینٹ پولیس نے کارروائی شروع کردی اور رات گئے تک 2پارٹی عہدیداروں سمیت 7افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف نقص امن کا مقدمہ درج کرلیا، گرفتار ملزموں میں پی ٹی آئی کے سینئر نائب تحصیل صدر طارق محمود وڑائچ، جنرل سیکریٹری کینٹ مرزا عمران بیگ، دولہا کے بھائی زاہد ملک، افتخار احمد ڈانجہ، کریم حسن بھنڈر، ایاز مہر اور ذیشان اقبال شامل ہیں۔

شالامار باغ لاہور میں ایک تقریب کے دوران نک دا کوکا گانے پر معروف قوال اور ان کے ساتھیوں کے خلاف بغاوت سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ شالیمار باغ کے انچارج ضمیر الحسن کے بیان پر باغبانپورہ پولیس نے درج کیا، مقدمہ قوال فراز خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف درج ہوا، مقدمہ مدعی نے مقف اختیار کیا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام پروگرام شالامار باغ میں منعقد ہوا جہاں قوال فراز خان اور ان کے ساتھیوں نے دانستہ بغیر اجازت نغمہ گایا، گانے کے نتیجے میں عوامی اشتعال پیدا ہوا اور امن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں گانا نک دا کوکا گائے جانے کے معاملے پر 3اہلکاروں کو بھی معطل کردیا گیا، معطل کیے جانے والے اہلکاروں میں احسن، عماد اور عبد الرحمان شامل ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مذکورہ تقریب میں گانے کی اجازت اور نگرانی کے حوالے سے متعلقہ افسران نے اپنی ذمہ داریاں درست طریقے سے ادا نہیں کیں جس پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔بتایا جارہا ہے کہ نک دا کوکا گانا والڈ سٹی اتھارٹی کے زیرِ اہتمام تقریب میں گایا گیا تھا جس کے بعد حکام کا اس معاملے پر ردعمل دیکھنے میں آیا اور واقعے کو ادارے کی ساکھ کے منافی قرار دیا گیا، جب کہ پولیس کی جانب سے قوال فراز خان اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مقدمہ کے اندراج کے ساتھ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.