کوئٹہ، 4 اگست 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے عظیم سپاہیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ یہ وہ نڈر محافظ ہیں جنہوں نے دہشتگردی، جرائم اور بدامنی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ہمارے کل کو محفوظ بنایا سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ قومیں کبھی ناکام نہیں ہوتیں جو اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں ان کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑتیں اور ان کے مشن کو جاری رکھتی ہیں پولیس شہداء ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں جن کی قربانیاں قومی شعور، امن اور ترقی کا سنگِ بنیاد ہیں انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کا ہر سپاہی ہمارے لیے فخر کا نشان ہے جو نہ صرف قانون کا محافظ ہے بلکہ ریاستی وقار، شہریوں کے جان و مال اور قومی سلامتی کا ضامن بھی ہے۔ بلوچستان حکومت پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی اور ہر سطح پر ان کی معاونت جاری رکھی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمیں شہداء کی قربانیوں کو صرف یاد نہیں کرنا بلکہ اپنے کردار اور عمل سے ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن، محفوظ اور خوشحال بلوچستان شہداء کی قربانیوں کا اصل ثمر ہے، جس کی حفاظت ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔
Comments are closed.