حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔پنجاب حکومت نے امام مسجد کیلئے اعزازئیے کی منظوری دے دی، ”وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب“کا اجراء کر دیا گیا، فروری2026ء تک اعزازیہ کارڈ کے اجراء کی ڈیڈ لائن مقرر،یکم فروری سے کارڈکے ذریعے ہی ادائیگی ہوگی، آئمہ کرام کی رجسٹریشن کا عمل مسلسل جاری رکھنے، اسسٹنٹ کمشنروں کو ہر ماہ آئمہ کرام کو مدعو کرکے میٹنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر سخت کارروائی کیلئے قانون سازی کا فیصلہ،مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کر دی گئیں، فورتھ شیڈول جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت، غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
آئمہ کرام کی رجسٹریشن کیلئے 62994فارم وصول، ملک و قوم کے مفادات کیخلاف اور اخلاقی یا مالی جرائم میں ملوث امام مسجد کا اعزازیہ بند کر دیا جائیگا، آئمہ کرایم کو پہلی مرتبہ پے آرڈر دیئے جائینگے،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ”وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب“کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے اور تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فروری2026ء تک اعزازیہ کارڈ کے اجراء کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے یکم جنوری سے آئمہ کرام کو اعزازیہ کی ادائیگی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آئمہ کرایم کو پہلی مرتبہ پے آرڈر دیئے جائیں گے۔ یکم فروری سے باقاعدہ طور پر ”وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب“ کے ذریعے ادائیگی ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئمہ کرام کی مزیدرجسٹریشن کا عمل بھی مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں آئمہ کرام کی رجسٹریشن کے لئے 62994فارم وصول ہوئے اور تصدیق کا عمل جاری ہے۔ ملک و قوم کے مفادات کے خلاف اور اخلاقی یا مالی جرائم میں ملوث امام مسجد کا اعزازیہ بند کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہر ماہ آئمہ کرام کو مدعو کرکے میٹنگ کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حساس ایریا میں مسلسل کومبینگ آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر سخت کاررائی کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فورتھ شیڈول جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کے لئے ضروری اقدامات اور غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کے خلاف آپریشن مسلسل جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔