حال نیوز۔۔۔۔۔فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنیکی آخری وارننگ دے دی گئی، اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا۔ تمام راستوں پر اسرائیل کے فوجی ٹینک کھڑے ہونے کی وجہ سے شہر چھوڑ کر جانے والے شہریوں کو واپس آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ غزہ شہر میں پھنسے لاکھوں افراد کے لیے نکلنے کا آخری موقع دے رہے ہیں۔اسرائیل نے غزہ کی پوری آبادی کو جنوب کی طرف جانے کی ہدایت دی ہے۔
فلسطینی شہریوں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ شہر سے جنوب جانے والے راستے پر ریت کی رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ لوگوں کو باہر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے لیکن جو لوگ خوراک یا پناہ کی تلاش میں شہر سے نکلے تھے، انہیں واپس داخلے سے روک دیا گیا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ غزہ کے رہائشیوں کے لیے آخری موقع ہے کہ وہ جنوب کی طرف نکل جائیں اور حماس کے جنگجوؤں کو غزہ شہر میں تنہا چھوڑ دیں تاکہ اسرائیلی فوج مکمل آپریشن جاری رکھ سکے۔
ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کے شہر غزہ میں تقریباً 7 لاکھ افراد بدستور موجود ہیں، چند ہفتوں میں 4 لاکھ شہری شہر چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ اسرائیلی حملوں نے طبی نظام کو مفلوج کر دیا ہے اور چار اسپتال بند ہو چکے ہیں۔ غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا میں خدمات محدود کر دی گئی ہیں جبکہ مریض شدید خوف میں ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 77 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔