4 اگست یومِ شہداء پولیس – قربانی، فرض شناسی اور عزم کا دن

4 اگست یومِ شہداء پولیس – قربانی، فرض شناسی اور عزم کا دن

﴿وَلَا تَقُوْلُوْا لِمَنْ یُّقْتَلُ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ أَمْوَاتٌۚ بَلْ أَحْیَآءٌ وَّلٰكِنْ لَّا تَشْعُرُوْنَ﴾ – (البقرہ: 154)

ترجمہ: “اور جو اللہ کی راہ میں قتل کیے جائیں، انہیں مردہ نہ کہو۔ بلکہ وہ زندہ ہیں، مگر تمہیں شعور نہیں۔”

“سلام اُن پر جو فرض کی راہ میں لوٹ کر نہ آئے”

4 اگست کا دن وطنِ عزیز کے اُن محافظوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے فرض، وفاداری اور حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یومِ شہدائے پولیس صرف ایک دن نہیں، بلکہ ایک احساس، ایک فخر اور ایک زندہ تاریخ ہے، جو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ امن کی قیمت کیا ہوتی ہے۔

جیکب آباد پولیس کے 96 جانباز افسران و جوان جرائم، دہشتگردی اور بدامنی کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں۔ ان کی قربانیاں اس بات کی روشن دلیل ہیں کہ جیکب آباد پولیس ہر خطرے میں فرنٹ لائن پر ڈٹی رہی، اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی۔

یہ شہداء وہ چراغ ہیں جنہوں نے اپنی روشنی میں ہماری راتوں کو محفوظ بنایا۔ ان کے خون سے جیکب آباد کی مٹی کو وقار، جرات اور غیرت کی خوشبو ملی ہے۔ ان کے اہلِ خانہ صرف ایک خاندان نہیں، بلکہ پوری قوم کے لیے عزت و افتخار کا نشان ہیں۔

محکمہ سندھ پولیس کیجانب سے شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے فلاحی اقدامات

سندھ پولیس کی جانب سے شہداء کے لواحقین کے لیے وہ تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں جو ایک زندہ، ذمہ دار ریاست کے شایانِ شان ہیں، جن میں شامل ہیں۔
• دو کروڑ 30 لاکھ روپے مالی امداد
• پولیس میں دو نوکریاں
• بیوہ کو تمام سروس مراعات: پروموشن، سینئرٹی، گریجویٹی، پنشن، انشورنس
• دو بچوں کی شادی پر گفٹ
• کیڈٹ کالجز و یونیورسٹیز میں اسکالرشپس
• مہلک بیماریوں پر ماہانہ امداد

یہ تمام اقدامات اس وعدے کی عملی تعبیر ہیں کہ پولیس فورس اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

تجدیدِ عہد:

یومِ شہداء ہمیں صرف رلانے کے لیے نہیں، بلکہ جگانے کے لیے آتا ہے — کہ ہم شہداء کے مشن کو جاری رکھیں، قانون کی بالادستی، انصاف اور امن کی جدوجہد کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔

“جو خاک پر گرا، وہ ستارہ بن گیا
جو جان دے گیا، وہ ہمارا بن گیا”

شہداء جیکب آباد پولیس کو سلام!
سندھ پولیس زندہ باد – جیکب آباد پولیس پائندہ باد

ترجمان جیکب آباد پولیس

You might also like

Comments are closed.