گلگت
گلگت شہر میں فلاحی ادارہ ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے لیے ایک باوقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی عملی زندگی کو آسان بنانا تھا۔ اس تقریب کے دوران ادارے کے باقاعدہ قیام اور خصوصی افراد کے لیے ایک جدید بحالی مرکز کے افتتاح کا بھی اعلان کیا گیا۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی ہیلپنگ ہینڈ کے کنٹری ہیڈ سلیم منصوری،جبکہ میر محفل صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر دلشاد بانو تھیں۔تقریب میں سیکریٹری انفارمیشن دلدار احمد ملک،ڈائریکٹر آپریشنز ساجد احمد،ریجنل منیجر ڈاکٹر محمد جہان، فلاحی اداروں کے نمائندگان، سماجی شخصیات، اور مقامی معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران خصوصی افراد میں اسکول بیگز اور فوڈ پیکجز بھی تقسیم کیے گئے۔ اس اقدام کو شرکاء کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
صوبائی وزیر دلشاد بانو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہیلپنگ ہینڈ کا دائرہ کار گلگت بلتستان کے تمام اضلاع تک وسیع ہو تاکہ ہر علاقے کے خصوصی افراد اس سے استفادہ کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بحالی مرکز خصوصی افراد کو خود انحصاری اور باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن دلدار احمد ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ گلگت شہر میں ایک ایسا ادارہ قائم ہو چکا ہے جو اسپیشل افراد کے لیے سہولیات مہیا کر رہا ہے۔ یہ ایک قابلِ ستائش اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔بحالی مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات اس موقع پر ہیلپنگ ہینڈ کے نمائندوں نے صوبائی وزیر اور سیکریٹری اطلاعات کو بحالی مرکز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ریجنل منیجر ڈاکٹر محمد جہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس مرکز میں خصوصی افراد کے لیے طبی دیکھ بھال،بنیادی اور خصوصی تعلیم،پیشہ ورانہ تربیت و ہنر مندی کے کورسز کرائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب نہ صرف فلاحی خدمات کا مظہر بنی بلکہ گلگت بلتستان میں خصوصی افراد کی بہبود کے لیے ایک مثبت سمت میں عملی قدم بھی ثابت ہوئی۔
تقریب کے اختتام پر ادارے کے سربراہ سلیم منصوری نے اپنے خطاب میں کہا ہمیں امید ہے کہ عوام، حکومت اور تمام اداروں کے تعاون سے ہم ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کو پورے گلگت بلتستان میں وسعت دیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے اس تقریب کو “نئی امید کی کرن” قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام خصوصی افراد کے بہتر مستقبل کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گا
Comments are closed.