حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔نوکنڈی،ایف سی کیمپ پر حملہ ناکام،خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکہ،ڈیڑھ سے دو گھنٹے فائرنگ، متعدد دھماکوں کی آوازیں، نقصانات کی تفصیل تاحال جاری نہیں، حملہ آوروں کی تعداد زیادہ تھی، خاران کے گروک چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید اور سات زخمی، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی وارداتیں ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کئی کارروائیاں انجام دیں۔
چاغی کے علاقے نوکنڈی میں اتوار کی شب فرنٹیئر کور کے مرکزی کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ہوا، جس میں چھ دہشت گردوں سمیت خودکش حملہ آور بھی مارا گیا۔ حملہ گزشتہ رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ہوا، جس کے فورا بعد فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں نے علاقے میں ہلچل مچا دی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی کلیئرنس کے لیے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔خاران کے علاقے گروک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور سات دیگر جوان زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ضلع پنجگور کے علاقے سریکوران میں واقع پولیس تھانہ وشبود پر نامعلوم مسلح افراد نے راکٹ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تھانے کا ریکارڈ اور متعدد اشیا نذرِ آتش ہو گئیں۔ حملہ اچانک ہوا اور کئی راکٹ داغے گئے، تاہم سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے فوری جوابی کارروائی کر کے صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔اسی دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے گوارگو پنجگور چیک پوسٹ پر ایک مشکوک ٹویوٹا ایکسیو کو روکا، جس میں بھاری اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔