کوئٹہ(حال نیوز ) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بدترین مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی، پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ ساتھ گوشت کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے باعث عام شہریوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں کانسی روڈ، جوائنٹ روڈ اور عالمو چوک میں قصابوں کی جانب سے مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر گوشت فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آرہی ہیں شہریوں کے مطابق مختلف علاقوں میں مٹن 2500 روپے فی کلو، بیف ہڈی والا 1400 روپے جبکہ بغیر ہڈی کا گوشت 1600 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ گوشت کی قیمتوں میں اضافے نے متوسط اور غریب طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ اسی طرح پھلوں کی قیمتیں بھی عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ مارکیٹ میں انار 600 روپے فی کلو جبکہ کیلا 200 روپے درجن فروخت کیا جا رہا ہے، انڈوں کی قیمت 360 روپے فی درجن تک پہنچ گئی ہے۔ سبزیوں میں آلو 300 روپے جبکہ پیاز کی دھڑی 700 روپے میں فروخت ہونے کی شکایات ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو چکا ہے، جبکہ دکانداروں اور قصابوں کی جانب سے مبینہ طور پر من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول کمیٹی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ کے تمام بازاروں اور مارکیٹوں میں سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ناجائز منافع خوری اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء عوام کو مناسب نرخوں پر فراہم کی جائیں تاکہ مہنگائی کے ستائے شہریوں کو کچھ ریلیف مل سکے۔