کوئٹہ(حال نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں شدید کمی اور بھاری بلوں نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باوجود شہر کے متعدد علاقوں میں عوام کو گیس کی فراہمی میسر نہیں، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی گیس پریشر کی صورتحال انتہائی خراب ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں’واضح رہے کہ ہر سال سردی شروع ہوتے ہی گیس غائب ہوتی ہے جب کہ گرمی کی سیزن میں بجلی غائب ہوتی ہے اس سال سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں علمدار روڈ، کانسی روڈ، قنداری بازار، پشتون آباد، نواں کلی ،کلی پائند خان ،کلی شابو اور عالمو میں گیس پریشر میں کمی کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں گیس دستیاب نہیں۔
چولہے جلانا اور روزمرہ کے امور انجام دینا مشکل ہو چکا ہے، لیکن دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں۔ بعض صارفین کو ڈبل ڈبل بل موصول ہونے کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں، جس نے پہلے سے مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔شہریوں نے شکوہ کیا کہ جب گھروں میں گیس فراہم ہی نہیں کی جا رہی تو بھاری بل کس چیز کے وصول کیے جا رہے ہیں؟ گیس حکام کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اضافی مالی بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔ کوئٹہ شہر میں گیس کی فراہمی کا یہ حال ہے تو صوبے کے دیگر سرد علاقوں کی صورتحال کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں گیس ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے، مگر متعلقہ حکام عوامی مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ گیس کی عدم دستیابی کے باوجود بھاری بلوں کی وصولی عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔شہریوں نے وفاقی حکومت، اوگرا اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں گیس پریشر کی کمی کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر ضروری اور اضافی بلوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور صارفین کو درست بل ارسال کرنے کے ساتھ موسم سرما میں بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔