لاس اینجلس (حال نیوز )امریکی میرین کور کے ایک سابق اہلکار نے فوجی تنصیبات سے لاکھوں گولیاں، راکٹ لانچرز اور متعدد میزائل سسٹم چوری کر کے منافع کے لیے فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق میرین کارپورل اینڈریو پال اماریلاس نے 2022 سے 2025 کے دوران کیلیفورنیا کے کیمپ پینڈلٹن میں واقع اسکول آف انفنٹری ویسٹ سے بڑی مقدار میں امریکی فوجی گولہ بارود اور ہتھیار چوری کرنے کا اقرار کیا۔
عدالتی معاہدے کے مطابق ملزم نے 10لاکھ سے 20لاکھ تک گولیاں چوری کرنے کے علاوہ متعدد راکٹ لانچرز اور کئی جیولین میزائل سسٹم بھی چوری کرنے کا اعتراف کیا، جبکہ اس نے چوری شدہ فوجی سامان کی منتقلی اور سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کے لیے کم از کم 3دیگر میرین اہلکاروں کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم چوری شدہ سامان کیلیفورنیا سے ایریزونا میں واقع اپنے گھر منتقل کرتا رہا، اور امریکی قوانین کے تحت اسے اس جرم میں زیادہ سے زیادہ 10سال قید کے ساتھ لاکھوں ڈالر کے ہرجانے کی ادائیگی بھی کرنا پڑ سکتی ہے۔