ممبئی (حال نیوز )بالی ووڈ کی معروف و سینئر اداکارہ، سیاست دان ہیما مالنی نے اپنے آنجہانی شوہر لیجنڈ اداکار دھرمیندر کی پہلی برسی کے موقع پر ان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور محبت بھرے تعلق کی یادیں تازہ کی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم باغبان کی اداکارہ نے ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے دھرمیندر کے ساتھ ازدواجی زندگی کے 45برسوں کی یادوں کو تازہ کیا۔
ہیما مالنی نے کہا کہ وہ میرے بہترین دوست تھے، شاید میں ان کے ساتھ اتنا وقت نہیں گزار سکی جتنا گزارنا چاہتی تھی، لیکن ہم نے جو وقت بھی ساتھ گزارا، وہ میرے لیے نہایت قیمتی اور سکون بخش تھا، تاہم کسی بھی چیز سے آپ کو اپنے کسی عزیز کے بچھڑنے کے لیے تیار نہیں کیا جا سکتا۔
78سالہ اداکارہ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے 1سال نہیں گزرا بلکہ پوری زندگی گزر گئی ہو، کیا مجھے ان کی یاد آتی ہے؟ ہر لمحہ، ہر چیز مجھے ان کی یاد دلاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ وقت ہر زخم کا بہترین مرہم ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ درد کم ہو جاتا ہے، لیکن یہ درست نہیں، دنیا آگے بڑھ جاتی ہے، جبکہ اپنے کسی عزیز کو کھونے والے کا غم وہیں ٹھہر جاتا ہے اور وقت کے ساتھ نہیں بدلتا۔