گوادر(حال نیوز )پاکستان نے چینی تعلیمی اداروں کے اشتراک سے گوادر میں خصوصی میری ٹائم اور انجینئرنگ تعلیم کے فروغ کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت ایک نیا تکنیکی ادارہ قائم کیا جائے گا، جہاں مقامی نوجوانوں کو بندرگاہوں اور بحری صنعت سے متعلق شعبوں میں روزگار کے مواقع کے لیے تربیت فراہم کی جائیگی۔گوادر پرو کے مطابق مجوزہ پاکستان اوورسیز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ میں میرین انجینئرنگ، جہاز رانی، نیویگیشن ٹیکنالوجی اور بندرگاہوں کے انتظامی امور کے شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دی جائیگی۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ تربیتی پروگراموں کو میری ٹائم انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔وہ گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے بورڈ کے اجلاس سے قبل منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں بندرگاہی شہر میں ترقیاتی منصوبوں اور تکنیکی تعلیم کے فروغ اور افرادی قوت کی استعداد بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو جی پی اے کے چیئرمین نورالحق بلوچ نے بتایا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی، پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (پی سی ٹی وی آئی)، یونیورسٹی آف گوادر اور چین کے چنگ ڈاؤ ہاربر ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج نے مجوزہ ادارے کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں،اس معاہدے کے تحت 2026 سے 2030 تک پانچ سالہ تعاون کا فریم ورک طے کیا گیا ہے جس کے دوران شراکت دار ادارے تعلیمی پروگراموں، نصاب کی تیاری، پیشہ ورانہ تربیت، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے، مشترکہ تحقیق اور عملی تعلیم کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔مجوزہ نصاب میں نیویگیشن ٹیکنالوجی، میرین انجینئرنگ، بحری تحفظ، جہاز سازی کی ٹیکنالوجی اور بندرگاہوں میں استعمال ہونے والی مشینری کے شعبے شامل ہوں گے۔ اس کا بنیادی مقصد طلبہ کو جدید بندرگاہوں اور جہاز رانی کے نظام کی تکنیکی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے۔