تہران(حال نیوز )ایران کے سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای نے ملک میں آبادی بڑھانے پر زور دیتے ہوئے شہریوں کو جلد شادی، بہتر صحت، بچوں کی پیدائش اور خاندانی نظام کو مضبوط بنانے کی ترغیب دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چوتھے قومی آبادی میں اضافے کے ایوارڈ کی تقریب کے نام اپنے پیغام میں مجتبی خامنہ ای نے کہا کہ آبادی میں اضافہ ایران کی سائنسی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے آبادی میں اضافے کو دشمنوں کے خطرات اور عزائم کا مقابلہ کرنے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل کے خواہش مند ایرانیوں کو آئندہ نسلوں کے تسلسل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے اس مقصد کو نئی اسلامی تہذیب کے تصور سے منسلک کرتے ہوئے خاندانی زندگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور جلد شادی، صحت کی بہتر سہولیات اور بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کو اہم عوامل قرار دیا۔