کوئٹہ (حال نیوز ) بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کا جامع منصوبہ سامنے آیا ہے۔ اس اقدام کو صوبے کے نوجوانوں کے روشن مستقبل، معاشی استحکام اور قومی دھارے میں مؤثر شمولیت کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے منصوبے پر صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان اور اعلیٰ عسکری قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی جانب سے وہ صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اعلیٰ عسکری قیادت نے بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے سب سے پہلے آواز اٹھائی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کو برابری کی بنیاد پر آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو صوبے کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرکے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے نوجوانوں نے بھی 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے جامع منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت اور اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے اقدام کو سراہا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا صوبے کے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔ وہ اس اقدام پر اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے شکر گزار ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ بھرتیوں کے عمل میں تمام اہل امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اس منصوبے سے بلوچستان کے نوجوانوں کو معاشی خودمختاری حاصل کرنے، اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے نئے مواقع میسر آنے کی امید ہے۔