واشنگٹن (حال نیوز )عالمی خلائی تحقیقاتی ادارے کے سائنسدانوں نے مریخ کی چٹانی تہوں کے کئی کلومیٹر نیچے مائع حالت میں پانی کے وسیع ذخائر موجود ہونے کی باضابطہ تصدیق کر دی۔
واشنگٹن سے جاری کردہ سائنسی جریدے کی رپورٹ کے مطابق مریخ پر بھیجے گئے جدید روبوٹک مشن نے گزشتہ چار برسوں کے دوران سیارے کی اندرونی ساخت اور زلزلوں کی لہروں کا باریک بینی سے تجزیہ کیا جس سے زیرِ زمین پانی کی موجودگی کے ٹھوس شواہد سامنے آئے۔
ماہرینِ فلکیات کا کہنا تھا کہ یہ دریافت نہ صرف مریخ پر ماضی یا حال میں کسی قسم کی خوردبینی حیات کی موجودگی کے امکانات کو روشن کرتی بلکہ مستقبل میں وہاں انسانی بستیاں بسانے کے منصوبوں کے لیے بھی سنگِ میل ثابت ہوگی۔ سائنسی ٹیم کے سربراہ نے واضح کیا کہ اس پانی تک رسائی کے لیے مزید جدید ڈرلنگ ٹیکنالوجی پر تحقیق شروع کر دی گئی۔