تہران(حال نیوز )ایران کے جنوب مشرقی سرحدی صوبے سیستان و بلوچستان میں گشت پر مامور ایرانی سکیورٹی فورسز کے قافلے پر مسلح عسکریت پسندوں نے اچانک گھات لگا کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چار سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ اور صوبائی پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی اہلکار معمول کے سرحدی گشت پر مامور تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے جدید خودکار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا اور جوابی فائرنگ کے بعد قریبی پہاڑی علاقوں کی جانب فرار ہو گئے۔ مقامی سکیورٹی کمانڈر کا کہنا تھا کہ واقعے کے فوری بعد اضافی فوجی دستوں اور ہیلی کاپٹروں کو طلب کر کے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ۔
سرحدی گزرگاہوں پر ناکہ بندی سخت کر دی گئی۔ حکام نے عزم ظاہر کیا کہ ملک کا امن خراب کرنے والے عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور جلد ہی حملہ آوروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔