کم عمری کی شادیاں بچیوں کے مستقبل، تعلیم اور صحت کے لیے سنگین خطرہ قرار

اسلام آباد(حال نیوز )کم عمری کی شادیاں بچیوں کے روشن مستقبل، تعلیم، صحت اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ پاکستان میں 19 ملین سے زائد خواتین اور بچیاں ایسی ہیں جن کی شادیاں 18 سال کی عمر سے قبل کردی گئیں، جبکہ تقریباً 48 لاکھ بچیوں کی شادی 15 سال کی عمر سے پہلے ہوئی۔ دنیا بھر میں 27 نومبر کو پہلی مرتبہ کم عمری، قبل از وقت اور جبری شادیوں کے خاتمے کا عالمی دن منایا جائے گا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 4 ستمبر 2026ء کو قرارداد نمبر A/RES/80/309 کے ذریعے ہر سال 27 نومبر کو یہ عالمی دن منانے کا اعلان کیا تھا۔

اس دن کے انعقاد کا بنیادی مقصد کم عمری کی شادیوں کے سماجی، معاشی، تعلیمی اور طبی نقصانات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا، بچیوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ اور انہیں تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عالمی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ بچیوں کی 18 سال کی عمر سے قبل شادیاں کردی جاتی ہیں، جبکہ 2026ء کے تخمینوں کے مطابق دنیا میں تقریباً 65 کروڑ خواتین اور بچیاں ایسی ہیں جن کی شادی کم عمری میں ہوئی۔ عالمی ادارے نے کم عمری اور جبری شادیوں کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل سے بچیوں کا بچپن، تعلیم کے مواقع، خودمختاری اور بہتر زندگی کے امکانات متاثر ہوتے ہیں۔پاکستان بھی کم عمری کی شادیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

یونیسیف کے اعدادوشمار پر مبنی ستمبر 2025ء میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 19 ملین سے زائد خواتین اور بچیوں کی شادی 18 سال کی عمر سے پہلے ہوئی، جبکہ تقریباً 48 لاکھ بچیوں کو 15 سال کی عمر سے قبل شادی کے بندھن میں باندھ دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر چھ میں سے تقریباً ایک نوجوان خاتون کی شادی 18 سال سے پہلے ہوئی۔سندھ میں کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے لیے سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2013ء نافذ ہے، جس کے تحت لڑکے اور لڑکی دونوں کے لیے شادی کی کم از کم قانونی عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور سزاؤں کی گنجائش موجود ہے، تاہم ماہرین کے مطابق قانون سازی کے ساتھ اس پر مؤثر عمل درآمد بھی ناگزیر ہے۔

نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ کی رپورٹ ‘‘اسٹیٹ آف چلڈرن اِن پاکستان 2025ء ’’ میں مردم شماری 2023ء کے اعدادوشمار کی بنیاد پر بتایا گیا ہے کہ سندھ میں 10 سے 17 سال کی عمر کے 188,064 بچوں کی شادیاں اس وقت نافذ قانونی عمر کے معیار کے تحت غیرقانونی قرار دی گئی ہیں۔ ان میں 115,426 لڑکیاں اور 72,638 لڑکے شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق کم عمری کی شادیوں کے بنیادی اسباب میں غربت، ناخواندگی، سماجی روایات، صنفی عدم مساوات، والدین میں آگاہی کی کمی اور بچیوں کی تعلیم تک محدود رسائی شامل ہیں۔ کم عمری میں شادی کے باعث بچیوں کی تعلیم ادھوری رہ جانے، قبل از وقت حمل، زچگی کے دوران طبی پیچیدگیوں، گھریلو تشدد، ذہنی دباؤ اور معاشی خودمختاری سے محرومی کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

خصوصاً دیہی علاقوں میں غربت اور روایتی سماجی دباؤ اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں نے حکومتوں، تعلیم اداروں، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر زور دیا ہے کہ کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے قوانین پر سختی سے عمل درآمد، بچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی، غربت میں کمی، والدین میں شعور و آگاہی اور متاثرہ بچیوں کی بحالی کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں۔عالمی اداروں کے مطابق پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت 2030ء تک کم عمری اور جبری شادیوں سمیت تمام نقصان دہ سماجی روایات کا خاتمہ ضروری ہے، جس کے لیے حکومتوں کے ساتھ معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔27 نومبر کا عالمی دن اس عزم کی تجدید کا اہم موقع ہوگا کہ ہر بچی کو تعلیم حاصل کرنے، اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے اور خوف و جبر سے پاک زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ بچیوں کا بچپن شادی کی ذمہ داریوں کے بجائے تعلیم، تحفظ، خودمختاری اور بہتر مستقبل کی تعمیر میں گزرنا چاہیے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.