اسلام آباد (حال نیوز) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے،قیمتی پتھروں کی شناخت و سرٹیفکیشن کیلئے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کا قیام یقینی بنایا جائے،قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کیلئے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کیلئے بھیجا جائے،حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے حوالے سے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، مکمل ویلیو چین کے قیام اور برآمدت میں اضافے کیلئے جائزہ اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔
وزیرِ اعظم نے معاون خصوصی توانائی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور انکی ٹیم، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ حکام کی قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کیلئے سینٹرز آف ایکسلینس کے قیام اور اصلاحات میں معاونت پر ستائش کی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور انکی برآمدات کے حوالے سے وسیع استعداد موجود ہے ،حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ قیمتی پتھروں کی شناخت و سرٹیفیکشن کیلئے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کا قیام یقینی بنایا جائے۔
شہبازشریف نے کہاکہ قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کیلئے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کیلئے بھیجا جائے۔وزیرِ اعظم نے سیکرٹری خارجہ کو سفراء کو اس حوالے سے متعلقہ ممالک میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اللہ رب العزت نے پاکستان کو قیمتی پتھروں کے ذخائر کی دولت سے مالا مال کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کان کنی کے فرسودہ طریقہ کار سے یہ بیش قیمتی دولت کا ضیاع ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے حوالے سے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔ شہبازشریف نے کہاکہ قیمتی پتھروں کی مکمل ویلیو چین کے قیام کی طرف مثبت پیش رفت خوش آئند ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جہاں تقریباً 300 ملین قیراط قیمتی پتھر کے ذخائر کی توقع ہے اور 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے پتھروں کی کان کنی سے وابستہ ہیں۔ اس شعبے سے منسلک کاروباروں کی تعداد 5,500 سے زائد ہے، تاہم خام پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زائد ضیاع، جدید مہارتوں کی کمی اور ویلیو ایڈیشن کے محدود مواقع اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں جن کو دور کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے۔
بریفنگ میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے 4.10 ارب روپے کا منصوبہ، 80 بینکنگ سہولت ڈیسک، ارضیاتی نقشہ سازی، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے اقدامات جاری ہیں، جبکہ قومی پالیسی برائے قیمتی پتھر 2026-2030 پر عملدرآمد بھی شروع کیا جا چکا ہے۔
ان اصلاحات میں آزادانہ ریگولیٹری اور نیشنل وارنٹی نظام کا قیام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی، مشینری کی درآمد پر ٹیکس و کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ، جدید تربیت، مقامی منڈیوں کی ترقی اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے کان کنی سے تیار مصنوعات تک ویلیو چین قائم کرنا شامل ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، مشیر وزیرِ اعظم ہارون اختر، معاون خصوصی توانائی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
