نوجوان ناقص طرز حکمرانی کے باعث ریاست سے دور ہوتے ہیں، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (حال نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی ڈیجیٹل ایکسپو 2026 کے انعقاد کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ، چار روزہ ایکسپو 21 سے 24 دسمبر تک بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) میں منعقد ہو گی، جس میں صوبے کے تمام ڈیجیٹائزڈ محکموں کی کارکردگی اور ڈیجیٹل نظام کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا، جبکہ ڈیجیٹل شعبے میں مہارت رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے متعارف کرانے کے ساتھ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور روزگار و کاروبار کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو 2026 کی تاریخ کے اعلان کے حوالے سے بدھ کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے ایکسپو کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کے لیے یہ دن خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جب موجودہ حکومت نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو اسے اس حقیقت کا مکمل ادراک تھا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو رہی ہے، تاہم بلوچستان میں اب بھی روایتی طریقہ کار کے ذریعے امور حکومت چلائے جا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زیر زمین معدنی وسائل کے ساتھ ساتھ صوبے کا سب سے بڑا سرمایہ یہاں کے باصلاحیت نوجوان ہیں، جن کی ذہنی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور ہنر کو مزید نکھارنے اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی سوچ کے تحت حکومت بلوچستان پہلی مرتبہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو منعقد کرنے جا رہی ہے، جو صوبے کے نوجوانوں کو اپنی ڈیجیٹل مہارتیں پیش کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ بلوچستان کے کسی بھی علاقے میں موجود باصلاحیت نوجوان اس ایکسپو میں شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کو سامنے لا سکیں گے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا کوئی لامحدود ذریعہ نہیں ہو سکتی۔ گزشتہ سات دہائیوں کے تجربات سے واضح ہو چکا ہے کہ روزگار کے لیے صرف سرکاری ملازمتوں پر انحصار پائیدار حکمت عملی نہیں۔ اگر یہی رجحان جاری رہا تو غیر ترقیاتی اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوگا اور تعلیم، صحت اور عوامی سہولیات کے لیے دستیاب وسائل محدود ہوتے جائیں گے۔ دنیا اپنے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت، کاروبار اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی طور پر خودمختار بنا رہی ہے اور بلوچستان کو بھی اسی سمت آگے بڑھنا ہوگا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے انہیں روایتی سرکاری ملازمتوں کے دائرے سے آگے سوچنے کی ترغیب دی جائے۔

ڈیرہ بگٹی، ڑوب، تربت، بلیدہ، خاران، آواران اور بلوچستان کے دیگر دور دراز علاقوں میں بیٹھا نوجوان بھی ڈیجیٹل ذرائع سے اپنے لیے روزگار اور کاروبار کے مواقع پیدا کر سکے۔ نوجوانوں کو ایسے مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس ذمہ داری سے آگاہ ہے انہوں نے کہا کہ رائز بلوچستان پروگرام اور صحت کے شعبے میں ٹیلی میڈیسن سمیت دیگر ڈیجیٹل اقدامات اسی وڑن کا حصہ ہیں۔ صحت کی سہولیات سے متعلق دہلیز ایپ کو صوبے بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور روزانہ موصول ہونے والے اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں۔ بالخصوص خواتین کی جانب سے اس سہولت سے استفادہ کرنا اس بات کا اظہار ہے کہ شہری ریاست اور حکومتی نظام پر اعتماد کرتے ہوئے جدید سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کامیابی کی کنجی میرٹ پر مبنی نظام ہے۔ جب درست شخص کو درست ذمہ داری سونپی جاتی ہے تو اس کے نتائج بھی سامنے آتے ہیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات اس کی مثال ہیں۔ حکومت اب تمام محکموں کو مرحلہ وار ڈیجیٹائز کر رہی ہے۔ محکمہ خزانہ اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا چکا ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری سے متعلق پی سی ون کو بھی ڈیجیٹائز کیا گیا ہے۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری کے نظام سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری امور میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ایکسپو میں صوبے کے تمام محکمے اپنی کارکردگی پیش کریں گے اور عوام کو بتایا جائے گا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے حکومتی امور میں کیا تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔

آج محکمہ خزانہ کا نظام ایک کلک پر دستیاب ہے اور حکومتی امور کو ڈیجیٹل ذرائع سے اس حد تک مؤثر بنایا جا رہا ہے کہ روایتی دفتری طریقہ کار پر انحصار کم سے کم کیا جا سکے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان طبقہ ناقص طرز حکمرانی کے باعث ریاست سے دوری اختیار کرتے ہیں تاہم کسی حکومت کی کوتاہی کو ریاست کی ناکامی قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔ حکومت نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور پلیٹ فارم کھول رہی ہے، اس لیے انہیں چاہیے کہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنی اور اپنے خاندان کی معاشی حالت بہتر بنائیں بلکہ بلوچستان اور پاکستان کا نام بھی روشن کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بلوچستان کے معدنی وسائل سے بڑھ کر یہاں کے نوجوانوں کو صوبے کا اصل سرمایہ سمجھتے ہیں۔ بلوچستان کا ہر نوجوان، خواہ وہ بیٹی ہو یا بیٹا، بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور یہی نوجوان مستقبل میں صوبے کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جائیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.