تہران(حال نیوز)آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تین آئل ٹینکرز تباہ ہو گئے جبکہ زوردار دھماکوں کے بعد جہازوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ چند گھنٹوں کے دوران ایک آئل ٹینکر ایران کے جنوبی ساحل کے قریب جبکہ دو آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں بارودی سرنگوں کا نشانہ بن کر بری طرح متاثر ہوئے۔
پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ تباہ ہونے والے تینوں آئل ٹینکرز امریکی فضائی نگرانی اور عسکری تحفظ میں سفر کر رہے تھے، تاہم کسی بھی ملک کا عسکری تحفظ جہازوں کو ایرانی بحری قوانین سے استثنی فراہم نہیں کرتا۔ ایرانی حکام نے ایک بار پھر انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیر مجاز سمندری راستوں سے گزرنے والے جہازوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ایرانی وارننگ کو نظر انداز کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
