بلوچستان میں مطلوب دہشتگردوں کے سروں پر25 کروڑ روپے تک انعام مقرر

کوئٹہ(حال نیوز ) حکومت بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ جاری کردہ سرکاری اشتہار کے مطابق مختلف دہشتگردوں کے سروں پر 5لاکھ روپے سے لے کر 25کروڑ روپے تک انعام مقرر کیا گیا ہے۔ مطلوب افراد میں بشیر زیب اور رحمان گل سمیت متعدد دہشتگرد شامل ہیں، جن کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر حکومت بلوچستان کی جانب سے مقررہ انعامات ادا کیے جائیں گے۔

اشتہار کے مطابق رحمان گل کے بارے میں اطلاع دینے پر 25کروڑ روپے جبکہ بشیر زیب کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے پر بھی 25کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح دیگر مطلوب افراد کے لیے بھی ان کی حیثیت کے مطابق بھاری انعامات رکھے گئے ہیں۔ معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست اور ان کے سروں پر انعامات کا اعلان دہشتگردی کے خلاف جاری حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ مطلوب دہشتگردوں کے حوالے سے کسی بھی مستند اطلاع کی صورت میں حکومت بلوچستان کے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور مستند معلومات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انعامات کی ادائیگی حکومت کے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائی اور بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.