میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے لیکن یہی آئین ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس بھی دیتا ہے، جبکہ پرامن احتجاج اور ریاست کے خلاف مسلح کارروائی دو مختلف معاملات ہیں جنہیں ایک تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کو دہشت گردی، تشدد یا علیحدگی پسندی کا جواز نہیں بنایا جا سکتا، بلکہ بلوچستان کو اس کی تاریخ، سماجی حالات اور زمینی حقائق کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، جہاں حقائق کو مسخ کر کے احساسِ محرومی کا بیانیہ تشکیل دینے اور تشدد کا جواز تلاش کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی میں جھلستے اور سردی میں ٹھٹھرتے عام بلوچستانی کا معیارِ زندگی بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے گورننس میں بہتری، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آج بلوچستان کے غریب محنت کش کا بچہ بھی ایچی سن اور لارنس کالج سمیت پاکستان کے بڑے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہے اور حکومت صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر منظم انداز میں سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کر رہے ہیں اور انہیں پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بنانے و ریاست کے خلاف اکسانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
بلوچستان کے نوجوان پروپیگنڈے اور حقائق میں فرق سمجھیں اور منفی ذہن سازی کرنے والے عناصر کے عزائم پہچانیں کیونکہ نوجوانوں کا مستقبل تعلیم، ترقی، امن اور قومی دھارے میں مثبت کردار ادا کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی مثر تکمیل اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے، اور بلوچستان کے عوام نے امن کے قیام و ترقی کے لیے جو بے شمار قربانیاں دی ہیں انہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے 28ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکا کو ترقیاتی منصوبوں، گورننس اصلاحات اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
