پشاور/ بنوں (حال نیوز ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن نے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے کی موجودگی پر علاقے میں آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں قیام امن کے لیے پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زرگل عرف انکل گروپ کے تین بدنام زمانہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران متعدد مشتبہ افراد اور مبینہ سہولتکاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں گروپ کے سربراہ زرگل عرف انکل کا بھتیجا بھی شامل ہے۔ مشترکہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بنوں پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی فورسز نے گریڑہ شاہ جہاں، کنگر اور دیگر ملحقہ دیہات میں دہشتگردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔ آپریشن سربلندی کے نام سے کیے جانے والے اس گرینڈ آپریشن میں زرگل عرف انکل گروپ کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور انہیں سہولت فراہم کرنے والے عناصر کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا۔حکام کے مطابق مشترکہ کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے، جن کا تعلق کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زرگل عرف انکل گروپ سے بتایا جاتا ہے۔
ہلاک ہونے والے دہشتگرد پولیس، سکیورٹی فورسز، مقامی امن کمیٹیوں کے سربراہان اور عام شہریوں پر حملوں سمیت بھتہ خوری، لوٹ مار اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد اور دہشتگردوں کے مبینہ سہولتکاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ برآمد ہونے والے اسلحے اور گولہ بارود کو قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی کا مقصد دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے، ان کے ٹھکانوں کا خاتمہ کرنے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ہے۔
ڈی آئی جی بنوں نے مشترکہ آپریشن کی کامیابی کو پولیس، سکیورٹی فورسز اور محکمہ انسداد دہشتگردی کے درمیان بہترین رابطے اور مربوط حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر بنوں پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ عوام کی حفاظت، قانون کی بالادستی اور حکومتی رٹ برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کی غیور عوام اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگردوں سمیت ان کے سہولتکاروں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
