حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ سہیل آفریدی رنگ سازی کے بجائے صوبے پر توجہ دیں،پی ٹی آئی کا دہشت گردی کے خلاف کوئی واضح اور دوٹوک مؤقف نہیں، جس کی وجہ سے عوام میں ابہام پایا جاتا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اپنے صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے پر پوری توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور دیگر صوبوں کے دوروں کے بجائے خیبر پختونخوا کے ہر کونے میں جا کر عوام کو قیادت کا احساس دلانا چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو شہداء کے جنازوں میں شرکت کرنی چاہیے تاکہ عوام کو یہ پیغام ملے کہ صوبائی حکومت شہداء اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیادت کا تقاضا ہے کہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوا جائے۔
وزیر دفاع نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دوسرے صوبوں کے دوروں کو محض“رنگ بازی”قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی ورکر کو اپنا صوبہ چھوڑ کر دیگر علاقوں میں سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہونے کے بجائے اپنے صوبے کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اپنے صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے پر پوری توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور دیگر صوبوں کے دوروں کے بجائے خیبر پختونخوا کے ہر کونے میں جا کر عوام کو قیادت کا احساس دلانا چاہیے۔
خواجہ آصف نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا دہشتگردی کیخلاف کوئی واضح اور دوٹوک مؤقف نہیں ہے، جسکی وجہ سے عوام میں ابہام پایا جاتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے پر تمام سیاسی قوتوں کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ عوام خود کو محفوظ اور بااعتماد محسوس کر سکیں۔