مہم کے تحت کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سمنگلی، مغربی بائی پاس، ایئرپورٹ روڈ، سریاب روڈ، علمدار روڈ، توغی روڈ، میکانگی روڈ، خدائیداد روڈ اور اسپنی روڈ میں کھانے پینے کے مراکز کی جامع جانچ پڑتال کی گئی۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق انسپیکشن مہم کے دوران مجموعی طور پر 48فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 25کھانے پینے کے مراکز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران 16ہوٹلوں، 4فاسٹ فوڈ کارنرز اور 5پیزا پوائنٹس پر جرمانے عائد کیے گئے۔
انسپیکشن کے دوران متعدد مراکز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، پکوان میں چائنیز نمک غیر معیاری اور مضرِ صحت اجزا کے استعمال ورکرز کی ذاتی صفائی کی خراب حالت سمیت سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی جس پر متعلقہ مراکز کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ کارروائی کے دوران چائنیز نمک کی بھاری مقدار ضبط جبکہ ناقص و مضرِ صحت کوکنگ آئل کی بڑی مقدار موقع پر ہی تلف کر دی گئی۔علاوہ ازیں معمولی نقائص پر 9دیگر فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
خصوصی مہم سے متعلق ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کی تیاری و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز صفائی ستھرائی، معیاری اجزا کے استعمال اور فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر جرمانوں کے ساتھ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے واضح کیا کہ شہر کے تمام علاقوں میں انسپیکشن مہم کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا اور عوام کو محفوظ، صاف اور معیاری خوراک کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔