حال نیوز۔۔۔۔۔۔ لکی مروت، دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کی، واقعے کے بعد پولیس کی بڑی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ٹریفک پولیس پرفائرنگ کرکے 3اہلکار شہید کردیئے۔
یہ واقعہ لکی مروت میں سرائے نورنگ کے قریب بنوں ڈیرہ روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر موجود 3ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔اس حوالے سے ڈی پی او لکی مروت نذیر خان نے بتایا کہ تینوں ٹریفک پولیس اہلکار پر دل بیگو خیل کے قریب ٹریفک ڈیوٹی پر موجود تھے کہ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گروں نے ان پر اچانک فائرنگ کردی جس سے تینوں ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی شناخت انچارج نورنگ جلال خان، سپاہی عزیز اللہ اور سپاہی عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جنہیں نورنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ واقعے کے بعد پولیس کی بڑی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔دوسری طرف ضلع باجوڑ کے علاقہ کوہی سر برنگ میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سویلین شہید اور سکول چوکیدار سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تحصیل برنگ کے علاقے کوہی سر میں گزشتہ شب نامعلوم عسکریت پسندوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جہاں جوابی کارروائی کے دوران ایک سویلین نسیم خان شہید جب کہ ایک سکول چوکیدار سمیت دو پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوگئے، ڈی پی او وقاص رفیق نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔