حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ کرک میں دہشتگردوں کا پولیس موبائل پر حملہ، 5 اہلکار شہید ہو گئے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کرک میں پولیس موبائل پر حملے کی شدید مذمت، ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ضلع کرک کے علاقے گرگری میں پولیس موبائل پر ہونے والے حملے میں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور انسانیت دشمن اقدام قرار دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا ناقابلِ برداشت ہے اور ایسے عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے پولیس شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اعلیٰ درجات عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع کرک میں پولیس موبائل پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت پولیس فورس کیساتھ کھڑی ہے اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے پولیس شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اعلیٰ درجات عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔