سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پنجاب کامیاب رہا،کارکنان سے ملاقاتیں ہوئیں، خیبرپختونخوا میں گورنرراج سے متعلق بات نہیں ہوئی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ فیض حمید سے متعلق تاریخی فیصلہ ہے، فیض حمید کو جرم کے مطابق 14 سال قید ہوئی ہے، میں نے وقت کے 2 فرعون دیکھے ہیں، ایک فرعون بانی پی ٹی آئی ہیں، طاقت کے نشے میں فیصلے ہوتے تھے، بانی پی ٹی آئی طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اللہ ذمہ داری دیتا ہے تو عملدر آمد کرنا چاہیے، فریال تالپور اور مریم نواز کو جیل میں ڈالا گیا، آج بانی پی ٹی آئی خود جیل میں ہیں، یہ مکافات عمل ہے، بانی پی ٹی آئی کو اپنے جرائم کا جواب دینا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ میثاق جمہوریت کے مطابق آئینی عدالت بنائی گئی، فیض حمید کے خلاف مزید ٹرائل باقی ہے، ہم صوبائی حکومت کے اختیارات کے حق میں ہیں۔سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، پی ڈی ایم حکومت نے ملکی معیشت کو سنبھالا۔