شمالی وزیرستان کے مدرسے میں دھماکہ، 2 بچے شہید، 8 بچے زخمی

حال نیوز۔۔۔۔۔۔ شمالی وزیرستان کے مدرسے میں دھماکہ، 2 بچے شہید، 8 بچے زخمی ہو گئے، دھماکہ خوراج کے چھوڑے ہوئے بارودی مواد سے ہوا، فتنہ الخوارج کے دہشتگردانہ عزائم خیبرپختونخوا میں تباہی اور خونریزی کا سبب بن گئے، پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے 82 مربع کلومیٹر علاقے کو بارودی مواد سے کلیئر کیا، باقی ماندہ علاقوں کی ڈی مائننگ پر شب و روز کام جاری ہے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے گاؤں عیسوڑی میں خوارج کے چھوڑے ہوئے پرانے بارودی مواد کے دھماکے سے دو معصوم بچے شہید اور آٹھ بچے زخمی ہو گئے۔

دھماکے کا واقعہ ایک مدرسے میں پیش آیا جہاں بچے کھیل کے دوران اس بارودی مواد کے قریب پہنچ گئے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر مقامی طبی اداروں میں منتقل کر کے ہنگامی بنیادوں پر علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ واقعہ خوارج کے دہشتگردانہ عزائم اور سابقہ جنگی سرگرمیوں کا تازہ ثبوت ہے۔ وار آن ٹیرر کے دوران خیبرپختونخوا میں خوارج نے وسیع پیمانے پر بارودی سرنگیں بچھائی تھیں تاکہ سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کو روکا جا سکے۔

عیسوڑی کے نواحی پہاڑ ماضی میں بھی ان خوارج کے کمین گاہ رہے ہیں، اور اسی طرح کے حادثات باجوڑ، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں بھی پیش آ چکے ہیں، جو یہ واضح کرتے ہیں کہ خوارج کی شرپسندی خواتین اور بچوں کو بھی محفوظ نہیں چھوڑتی۔خیبرپختونخوا کے کل 114 مربع کلومیٹر علاقوں میں بارودی مواد اور سرنگوں کی نشاندہی کی گئی تھی، جن میں سے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک کوششوں کے نتیجے میں 82 مربع کلومیٹر علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کیا جا چکا ہے۔

باقی ماندہ علاقوں کی ڈی مائننگ پر شب و روز کام جاری ہے۔پاک فوج نے بارودی مواد سے پاک علاقوں کے قیام کے لیے انتھک محنت کی ہے تاکہ عوام کو ایسے خطرناک حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس واقعے نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ فتنہ الخوارج کے سفّاکانہ اور دہشتگردانہ عزائم خاص طور پر خیبرپختونخوا میں تباہی اور خونریزی کا باعث ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.