حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ بیرسٹر گوہر علی خان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین تحریک انصاف تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، آزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور آزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی درخواست بھی مسترد کر دی۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے آزاد سینیٹرز کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا کہ آزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت کو تسلیم کیا جائے۔الیکشن کمیشن نے جوابی خط میں بیرسٹر گوہر کی قانونی پوزیشن واضح کر دی اور کہا کہ آپ کو آزاد سینیٹرز کو پارٹی میں شامل کرانے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں، اور نہ ہی الیکشن کمیشن انہیں اس عہدے پر تسلیم کرتا ہے۔
جوابی خط میں الیکشن کمیشن نے لکھا کہ بیرسٹرگوہر نے آزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی درخواست تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا، حالانکہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس زیر التوا ہے، تحریک انصاف نے خود ہی لاہور ہائیکورٹ سے سٹے آرڈر لے رکھا ہے، اس لئے کسی بھی فرد کو چیئرمین کے طور پر قانونی حیثیت دینا ممکن نہیں۔بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کا جوابی خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے معاملہ عدالت لے جانیکا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تاحال ہمارا انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم کیا نہ ہی سرٹیفکیٹ جاری کیا۔