پاکستان میں بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔پاکستان میں بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 21سال کی بلند ترین سطح 7.1فیصد پر پہنچ گئی، 59لاکھ بیروزگار افراد میں سے 46لاکھ پڑھے لکھے اور 10لاکھ اعلی تعلیمی ڈگریوں کے حامل ہیں، 2021 سے 2025 تک بیروزگار افراد کی تعداد میں 14لاکھ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے۔ پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 21سال کی بلند ترین سطح پر پہنچتے ہوئے 7.1فیصد تک بڑھ گئی، ملک میں 2021 سے 2025 کے درمیان بیروزگار افراد کی تعداد میں 14لاکھ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، چار سال قبل بیروزگار افراد کی تعداد 45لاکھ تھی جو مالی سال 2025 کے اختتام تک 59لاکھ ہوگئی ملک میں 38لاکھ مرد اور 21لاکھ خواتین بیروزگار ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے لیبر فورس سروے کے مطابق ملک میں بیروزگاری کی شرح 2021 میں 6.3فیصد تھی جو مالی سال 2025 میں بڑھ کر 7.1فیصد تک پہنچ چکی ہے، ملک میں بیروزگار افراد کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب میں ہے جہاں تقریبا 35لاکھ افراد روزگار سے محروم ہیں، خیبر پختونخواہ میں بیروزگار افراد کی تعداد 12لاکھ، سندھ میں 10لاکھ ہے اور بلوچستان میں 2لاکھ افراد بیروزگار ہیں۔وزارت منصوبہ بندی سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں تمام عمر کے افراد میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

کل 59لاکھ بیروزگار افراد میں سے 46لاکھ یعنی 77.5فیصد افراد پڑھے لکھے ہیں، اور ان میں سے تقریبا 10لاکھ افراد اعلی تعلیمی ڈگریوں کے باوجود روزگار سے محروم ہیں، بیروزگار افراد کی سب سے بڑی تعداد کا تعلق 15سے 29سال کی عمر کے گروہ سے ہے۔سروے سے معلوم ہوا ہے کہ 2020/21 میں روزگار میں زرعی شعبے کا حصہ 37.4فیصد تھا جو 2024/25 میں کم ہو کر33.1فیصد رہ گیا جب کہ خدمات یعنی سروسز کے شعبے کا حصہ 37.2فیصد سے بڑھ کر 41.2فیصد ہو گیا، روزگار میں انڈسٹری کے شعبے کا حصہ 25.4فیصد سے کم ہوکر 24.9فیصد ہوگیا، دیہی علاقوں میں بیروزگاری 5.8فیصد سے بڑھ کر 6.3فیصد ہوچکی ہے، شہری علاقوں میں یہ تناسب 7.3فیصد سے بڑھ کر آٹھ فیصد تک پہنچ گیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے لیبر فورس سروے جاری کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافے نے قومی ایمرجنسی کی صورت اختیار کرلی ہے جس پر فوری قابو پانا ناگزیر ہے، اگر آبادی میں اضافے پر قابو نہ پایا گیا تو 2040 تک ملک کی آبادی 40کروڑ تک پہنچ جائے گی، صحت مند اور باصلاحیت نسل کی تشکیل کے لیے آبادی پر مثر کنٹرول نا گزیر ہو چکا ہے، حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر قومی آبادی منصوبہ بندی پر مثر حکمتِ عملی تیار کر رہی ہے، آبادی میں اضافے کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو ملک کو بڑے سماجی و معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.