حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ہم فیصلے خود نہیں کر سکتے ہمارے فیصلے غیروں کے ہاتھ میں ہے، ملک کی تباہی کے مجرم بانی پی ٹی آئی اکیلے ہی نہیں انکو لانے والے بھی ہیں، ان سے بھی حساب لینا چاہیے،نفرت، جھوٹ، گالی گلوچ کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا، (ن) لیگ کے جانے کے بعد بہت تباہی ہوئی، ملک کا ستیاناس کر دیا گیا، بانی پی ٹی آئی اکیلا مجرم نہیں اسے لانے والے بھی قصور وار ہیں، پی ٹی آئی دور میں صرف تباہی ومہنگائی آئی، بدتمیزی عام ہوئی،ملک دیوالیہ ہونیوالا تھا،عوام نعرے اور عملی اقدامات میں فرق جان گئے، سازشیں کرنے والے تاریخ کی کتاب میں بند ہو گئے ہیں، وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب ملکی ترقی کے میدان میں مجھ سے بھی سبقت لے گئے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ہمیں ووٹ دیا۔ پی ٹی آئی کے دور میں ملک کو معاشی، سفارتی اور اخلاقی طور پر دیوالیہ کیا گیا۔ ملک کی تباہی کے مجرم بانی پی ٹی آئی اکیلے ہی نہیں بلکہ انکو لانے والے بھی ہیں، ان سے بھی حساب لینا چاہیے، وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب ملکی ترقی کے میدان میں مجھ سے بھی سبقت لے گئے۔ نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے ملک میں گالم گلوچ، جھوٹ، بدتہذیبی اور فتنے کو بری طرح شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ ن کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا، جبکہ پی ٹی آئی نے الیکشن کا انوکھا بائیکاٹ کیا اور انتخابی مہم میں حصہ لیا۔
سابق وزیراعظم نے اپنے دور حکومت کے دوران معیشت اور ترقی کے حوالے سے کہا کہ 2017 میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا اور مہنگائی صرف تین فیصد تھی، جبکہ پی ٹی آئی کے دور میں یہ شرح 49 فیصد تک پہنچ گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کے دور کی ترقی جاری رہتی تو پاکستان آج آئی ایم ایف کے چنگل سے آزاد ہو چکا ہوتا۔نواز شریف نے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ایک بار پھر کنٹرول میں آ گئی ہے اور پاکستان اب معاشی طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار اٹھارہ سے دو ہزار بائیس تک ملکی معیشت اور خارجی امور میں دیوالیہ پن آیا، میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، جو لوگ دوسروں کو چور کہتے تھے وہ خود سب سے بڑے چور ثابت ہوئے۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے فیصلے خود غیروں کے ہاتھ میں دئیے۔بانی پی ٹی آئی کو لانے والے خود بھی ملکی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ آج ان سے بھی حساب لیا جانا چاہیے۔ یہ لوگ کرکٹ کھیلنے آئے تھے اور پانچ سال تک کرکٹ ہی کھیلتے رہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی کام ہمیشہ مسلم لیگ ن کے دور میں ہوئے، پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی اور ہر محکمہ تندہی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب نے ترقی کے حوالے سے ان سے بھی آگے نکل کر اقدامات کیے ہیں۔نواز شریف نے اختتام پر کہا کہ پاکستان کو مسلم لیگ ن نے اخلاقی اور معاشی دیوالیہ پن سے بچایا اور اب ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان اب ٹیک آف کر چکا ہے اب مزید اوپر جانا ہے۔ ڈیڑھ سال میں ہم نے ترقی کا ریکارڈ قائم کیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہوئی ہے جو مقام کھو دیا تھا اسے ہم دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ہم نے اخلاقی اور معاشی دیوالیہ پن سے بھی بچایا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کو مبارکباد دیتا ہوں، اللہ کے فضل سے جھوٹ، بدتمیزی، بدتہذیبی اور فتنے کو شکست ہوئی۔ضمنی انتخابات میں لوگوں نے کارکردگی کو ووٹ دیا۔ضمنی انتخابات میں کامیابی پر شہباز شریف اور مریم نواز کو مبارک باد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ کا کہا گیا، یہ کیسا بائیکاٹ تھا جس میں عمر ایوب کی بیگم الیکشن لڑرہی تھی، عوام نے ضمنی انتخابات میں جھوٹ اور نفرت کی سیاست کو مسترد کردیا۔