انڈین اداکار دھرمیندر کا انتقال، پاکستانی فنکاروں کا خراج عقیدت

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔انڈین اداکار دھرمیندر کا انتقال، پاکستانی فنکاروں کا خراج عقیدت، دھرمیندر کے انتقال پر پاکستانی فنکار بھی غمگین، فن کی میراث قرار دیدیا۔ انڈین فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر دیول کے انتقال نے نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان بھر میں بھی شوبز حلقوں کو شدید رنج میں مبتلا کر دیا ہے۔دھرمیندر کے انتقال پر پاکستانی فنکاروں نے بھی ان کے لازوال فن اور شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاکستانی اداکارہ ریما خان نے 2004 میں دھرمیندر کے ساتھ لی گئی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سنیما نے اپنی دھڑکن کھو دی، دھرمیندر کی روشنی کبھی مدھم نہیں ہوگی۔عالمی شہرت یافتہ موسیقار راحت فتح علی خان نے انہیں حقیقی لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھرمیندر کا فن اور شائستگی دنیا بھر کے دلوں کو چھوتی رہی۔ایک حقیقی لیجنڈ کبھی نہیں مرتا، اپنی میراث کے ذریعے ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے انسٹاگرام پر دھرمیندر کی تصویر شیئر کی اور ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔اداکار عدنان صدیقی نے لکھا کہ دھرمیندر نے اداکاری کو اس قدر آسان بنا دیا تھا جیسے وہ اسکرین کے لیے ہی پیدا ہوئے ہوں۔ان کی نرمی، دلکش انداز اور آنکھوں کی چمک نایاب تھی۔

میزبان انوشے اشرف نے لکھا کہ دھرمیندر ان کے والدین کے دور کے فنکار تھے، جب دنیا میں محبت، مہربانی اور انسانی تعلقات کو زیادہ اہمیت دی جاتی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر پاکستان اور پاکستانی مداحوں سے خاص محبت رکھتے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد ان کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کو اپنی“ماسی ماں قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا تھا بھارت اگر میری ماں ہے تو پاکستان میری ماسی ماں ہے۔ اگر یہ دونوں مائیں ایک دوسرے سے گلے لگ جائیں تو بچوں کے لیے کتنا سکون ہوگا۔ دعا کریں کہ ہم سب ایک ہو جائیں۔فن، محبت اور انسان دوستی کی علامت سمجھا جانے والا دھرمیندر اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے بڑے دل کی وجہ سے بھی ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.