حال نیوز۔۔۔۔۔۔ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے جو کچھ کہا آج بھی اس پر قائم ہوں، امیگریشن سے لیکر نیویارک کے شہریوں کی رہائش، معیشت اور سکیورٹی سمیت تمام امور پر واضح طور پر گفتگو ہوئی۔ نیویارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ملاقات سے پہلے جو کچھ میں کہہ چکا ہوں اب بھی اس پر قائم ہوں۔
ظہران ممدانی سے ایک انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ آپ صدر ٹرمپ کو فاشسٹ سمجھتے ہیں؟ آپ نے صدر ٹرمپ کو جمہوریت کا دشمن اور دیگر ناموں سے بھی پکارا ہے تو اس پر ظہران ممدانی نے واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ کہہ چکے ہیں اس پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر سے ملاقات میں ہم نے نیویارک سٹی کے مسائل پر کھل کر بات کی ہے، امیگریشن سے لیکر نیویارک کے شہریوں کی رہائش، معیشت اور سکیورٹی سمیت تمام امور پر واضح طور پر گفتگو ہوئی۔
میئر نیو یارک ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ وہ ماضی کی طرح شہر کو محفوظ درجہ دینے کی پالیسی پر قائم ہیں لیکن شہر کے مختلف حصوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مختلف علاقوں سے امیگریشن حکام کے چھاپوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات مل رہی ہیں۔واضح رہے کہ ظہران ممدانی ریپبلکن اور ٹرمپ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کو شکست دے کر نیو یارک کے میئر منتخب ہوئے تھے، وہ یکم جنوری کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔