صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ملاقات کے دوران پرتگالی سفیرکو سندھ کی قدیم ثقافت کی عکاس ”اجرک“ سندھی ٹوپی اور گلدستہ پیش کیا جبکہ پاکستان اور پرتگال کے 75سالہ سفارتی تعلقات پر پرتگالی سفیر نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کو میڈل کی چین کا تحفہ دیا۔ پرتگال کے سفیر نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی فنون لطیفہ کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، احمد شاہ بہتر دنیا کی تخلیق کے لیے زبردست کام کررہے ہیں، احمد شاہ کی ثقافتی کاوشوں نے مجھے بے حد متاثر کیا،آرٹس کونسل کے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں پرتگال کے فنکار بھی حصہ لے رہے ہیں، مستقبل میں بھی پرتگال کے مزید فنکار آرٹس کونسل کراچی میں پرفارم کریں گے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل نا صرف کراچی بلکہ پاکستان بھر میں ثقافتی پروگرامز کا انعقاد کرتا ہے، میری دلچسپی ہمیشہ ثقافت کو فروغ دینے میں رہی ہے، ہم ایک جمہوری ادارہ ہیں، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ممبران مجھ پر اعتماد کرتے ہیں، میرے پاس 300 نوجوانوں پر مبنی ٹیم ہے جو میرے شانہ بشانہ کام کرتی ہے، آرٹ اسکول سمیت ہماری 6اکیڈمیز کام کررہی ہیں جہاں مصوری، میوزک، ڈانس، تھیٹر،ٹیکسٹائل ڈیزائننگ کے طلباء تربیت حاصل کرتے ہیں، گزشتہ برس ہم نے 44ممالک کو مہمان بنایا تھا اس بار 142 ممالک ورلڈ کلچر فیسٹیول کا حصہ ہیں، ورلڈ کلچرفیسٹیول میں آرٹس کونسل کی اکیڈمی کے طلباء بین الاقوامی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں سے مستفید ہورہے ہیں۔