حال نیوز۔۔۔۔ہربھجن کی پچ پر تنقید، گنگولی نے ذمہ داری ٹیم کیمپ پر ڈال دی۔ چار روز جب آپ پچ پر پانی نہ لگائیں تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے، کیوریٹر سوجن مکھرجی کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا،بھارت کے سابق کپتان اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے موجودہ صدر سارو گنگولی نے کلکتہ ٹیسٹ کی پچ کی ساری ذمہ داری بھارتی ٹیم کیمپ پر ڈال دی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پچ پر گزشتہ تین روز سے بحث جاری رہی جس کے بعد سابق کپتان نے براہِ راست کپتان شبمن گل اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو ذمہ دار ٹھہرا دیا۔سابق کپتان نے کہا کہ پچ ویسی ہی بنائی گئی ہے جیسی انڈین کیمپ نے چاہی تھی۔4 روز جب آپ پچ پر پانی نہ لگائیں تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے، کیوریٹر سوجن مکھرجی کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
بھارت کو کولکتہ ٹیسٹ کے پہلے 2 روز میں 27 وکٹیں گرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ بھی کولکتہ ٹیسٹ کی پچ پر تنقید کیے بغیر نہ رہ سکے۔ہربھجن سنگھ نے کہا کہ بھارت جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کا نتیجہ دوسرا دن ختم ہونے سے قبل ہی سامنے آنے لگا، یہ ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ مذاق ہے۔
ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ کولکتہ ٹیسٹ کی پچ وقت کیساتھ خراب ہوتی گئی، باؤنس غیر ہموار رہا، بیٹرز کو بھی پچ کی وجہ سے خطرناک باؤنس کا سامنا کرنا پڑا۔انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کولکتہ ٹیسٹ کی پچ کو خوفناک قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر کولکتہ کو ایک خوفناک پچ لکھا۔میڈیا نے بھی پچ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسی پچز سے دو دن میں ٹیسٹ ختم ہونگے تو ٹیسٹ کرکٹ ختم ہو جائیگی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرکٹ فینز ٹیسٹ کرکٹ سے دور ہوجائیں گے ٹیسٹ کم از کم چوتھے دن تک جانا چاہیے، ہوم ایڈوانٹیج بری بات نہیں لیکن ماضی کی طرح پچز تیار ہونی چاہئیں۔بھارتی میڈیا نے کہا کہ پہلے دو روز بیٹرز اور سیمرز کامیاب ہوں، پھر آہستہ آہستہ اسپنرز غلبہ حاصل کریں، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ پہلے دو روز میں ہی ٹیسٹ کا نتیجہ سامنا آنے لگے۔