فیلڈ مارشل عاصم منیر زبردست کام کر رہے ہیں، شاہد آفریدی

حال نیوز۔۔۔۔۔۔فیلڈ مارشل عاصم منیر زبردست کام کر رہے ہیں، میں تو جب سے پیدا ہوا ہوں میں نے کبھی نہیں سنا کہ آج تک کسی امریکی صدر نے اتنی تعریفیں کی ہوں، ذہن تبدیل کرلیا، سیاست سے دور رہنا چاہتا ہوں‘ 2019 یا 2020 میں ذہن تبدیل کیا اور فیصلہ کیا کہ نہیں یہ میرے بس کی بات نہیں ہے میں سیاست نہیں کرسکتا۔ سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنا ذہن تبدیل کرلیا ہے، میں سیاست سے دور رہنا چاہتا ہوں۔ شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک مخصوص طبقہ آپ سمیت ملک کے حقیقی ہیروز کے خلاف منفی مہم چلاتا ہے، حالانکہ آپ وہ شخصیت ہیں جو ہمیشہ اپنے ملک اور اس کے ہیروز کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر مجھے ان لوگوں کی باتوں کی پرواہ ہوتی تو میں کبھی کوئی بات نہ کرتا، سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر لائکس یا ویوز حاصل کرنا میرا مقصد نہیں، میرا سوشل میڈیا میرے روزگار کا ذریعہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر اپنی اولاد کے لیے حرام کمائی نہیں لا سکتا، اسی لیے میں سوشل میڈیا زیادہ استعمال بھی نہیں کرتا۔سابق کپتان نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو رجسٹرڈ جھوٹے بن چکے ہیں، وہ ماضی میں دعویٰ کرتے تھے کہ کبھی پاکستان نہیں چھوڑیں گے، لیکن آج انہی لوگوں کی ویڈیوز موجود ہیں کہ وہ ملک سے باہر جاچکے ہیں، میں نے خود دیکھا کہ گدھے پر گدھا بیٹھا جارہا تھا۔

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ میرا مطلب یہ ہے کہ یہی جھوٹے لوگ ملک سے باہر بیٹھ کر اندرونِ ملک فتنہ انگیزی کر رہے ہیں، میرا ان سے سوال ہے کہ وہ نوجوانوں کو کس سمت میں لے جانا چاہتے ہیں؟شاہد خان آفریدی نے ایسے افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ واقعی دلیر اور محبِ وطن ہیں تو پاکستان واپس آئیں، یہاں آکر انقلاب لائیں، مگر نوجوان نسل کو گمراہ نہ کریں اور جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔

شاہد خان آفریدی نے نے ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں بہت اچھا کام کر رہی ہیں، جو لوگ کہتے ہیں کہ وہ ٹک ٹاک ویڈیوز کے لیے کام کر رہی ہیں تو کم از کم وہ کام تو کر رہی ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ جو اچھا کام کر رہا ہو اس کے بارے میں بولنا چاہیے۔سیاست میں انٹری کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے دعا کیجیے گا کہ میں سیاست سے ہمیشہ دور رہوں، کیونکہ میرے پاس ایک ہی پارٹی تھی جہاں مجھے جانا تھا، لیکن 2019ء یا 2020 ء میں ذہن تبدیل کیا اور فیصلہ کیا کہ نہیں یہ میرے بس کی بات نہیں ہے میں سیاست نہیں کرسکتا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.