حال نیوز۔۔۔۔۔اتحادیوں میں مشاورت شروع، 27 ویں ترمیم کا مسودہ تیار، آج سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے ، حکومت نے ترمیم کی منظوری کے لیے ابتدائی روڈ میپ تیار کرلیا، جس کے تحت جمعے کو ترمیم سینیٹ اور 14نومبر کو قومی اسمبلی سے منظوری ملنے کی توقع ظاہر کردی گئی۔ وفاقی حکومت نے ستائیسویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا جس کو کل سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ ممکنہ طور پر کل سینیٹ کے اجلاس میں ترمیم کا مسودہ پیش کریں گے، ترمیم کا مسودہ پیش کیے جانے کے بعد اسے مزید غور و خوض کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سپرد کیا جائے گا۔کمیٹی ہفتہ اور اتوار کو خصوصی اجلاس منعقد کرے گی تاکہ مسودے کی شقوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے، قائمہ کمیٹی اپنی رپورٹ پیر کے روز سینیٹ میں پیش کرے گی۔
رپورٹ کی منظوری کے بعد ترمیمی مسودہ قومی اسمبلی میں متعارف کرایا جائے گا، 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا حتمی مرحلہ 14نومبر کو قومی اسمبلی میں متوقع ہے، حکومت ترمیم کے عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کرنا چاہتی ہے، اس لیے ہفتہ اور اتوار کو بھی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ سینیٹ میں ترمیمی مسودہ پیش کرتے وقت اس کے اہم نکات پر ایوان کو بریف کریں گے، حکومت کی کوشش ہے ترمیمی عمل مقررہ وقت کے اندر مکمل ہو جائے تاکہ اسے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور کرایا جا سکے۔
شہباز شریف وزیراعظم پاکستان نے آج اتحادی جماعتوں کے رہنماں سے الگ الگ ملاقاتوں کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں مجوزہ ستائیسویں آئینی ترمیم پر اعتماد میں لیا جا سکے، ملاقاتوں کے باعث آج قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ملتوی کر دیئے گئے، شہباز شریف پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، اے این پی، ق لیگ اور باپ پارٹی کے رہنماں سے ملاقات کریں گے، ان ملاقاتوں میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی مشاورت ہوگی، سب سے اہم ایجنڈا ستائیسویں آئینی ترمیم پر اتحادیوں کا اتفاق رائے حاصل کرنا ہے اور حکومت نے ترمیم کی منظوری کے لیے ابتدائی روڈ میپ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت جمعے کو ترمیم سینیٹ اور 14نومبر کو قومی اسمبلی سے منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔