لیٹل پیرس کے نام سے مشہور کوئٹہ شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔لیٹل پیرس کے نام سے مشہور کوئٹہ شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا،ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ناقص سیوریج نظام اور کچرے کے ڈھیر نے شہری زندگی اجیرن بنا دی۔ بلدیاتی اداروں کی غیر فعالیت نے صوبائی دارالحکومت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، شہریوں نے وزیراعلی بلوچستان و وزیر بلدیات سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ کوئٹہ میں شہری انفراسٹرکچر کی زبوں حالی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

شہر کی بیشتر سڑکیں، بالخصوص سریاب روڈ، اسپنی روڈ، جناح روڈ، سٹیلائٹ ٹان، ہزارہ ٹان، بروری روڈ اور نیو سریاب ایریا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جگہ جگہ گڑھوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اور روزانہ حادثات معمول بن چکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا مسئلہ سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کا ہے جو مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے۔ معمولی بارش کے بعد ہی مرکزی شاہراہیں جھیل کا منظر پیش کرتی ہیں اور پانی گھروں و دکانوں میں داخل ہو جاتا ہے۔

شہری علاقوں میں کچرے کے ڈھیر بدبو، آلودگی اور مچھروں کی افزائش کا سبب بنے ہوئے ہیں جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات سے وبائی امراض کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں نے صفا کوئٹہ اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن پر زور دیا ہے کہ عملہ اور مشینری فعال بنائی جائے، مستقل صفائی مہم شروع کی جائے اور سیوریج نظام کی مکمل مرمت کی جائے۔

شہری حلقوں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو خوبصورتی منصوبوں پر اربوں روپے ضائع کرنے کے بجائے بلدیاتی انتخابات کرانے چاہییں تاکہ عوامی نمائندے مقامی مسائل کے حل کے لیے بااختیار ہوں۔انہوں نے وزیراعلی بلوچستان، وزیر بلدیات اور کمشنر کوئٹہ سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ کوئٹہ دوبارہ اپنی پہچان اور خوبصورتی بحال کر سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.