اوتھل، کنڈ ملیر کے قریب کوچ اور گیس بازر میں تصادم، 5 افراد جاں بحق

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔اوتھل کے علاقے کنڈ ملیر کے قریب مسافر کوچ اور گیس بازر میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، متعدد جھلس زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کی امدادی کارروائیاں جاری۔ نعشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ریسکیو کارروائیاں گھنٹوں جاری رہیں۔

مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک اور خونی حادثہ پیش آیا، کنڈ ملیر کے قریب دلتوس چڑھائی کے مقام پر کراچی سے گوادر جانے والی مسافر کوچ اور مخالف سمت سے آنے والے ایل پی جی بازر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5افراد جھلس کر جاں بحق اور 2شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری کوچ اور بازر کو لپیٹ میں لے لیا۔

مسافر کوچ میں موجود دیگر افراد نے شیشے توڑ کر کود کر اپنی جانیں بچائیں، ورنہ جانی نقصان بہت زیادہ ہوسکتا تھا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او لیاری عبدالجلیل سومرو پولیس ٹیم اور ریسکیو اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ تاہم آگ کے شدید شعلوں کے باعث ریسکیو ٹیموں کو کئی گھنٹوں تک مشکلات کا سامنا رہا۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ ہر طرف چیخ و پکار کی آوازیں گونجتی رہیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.