دنیائے فٹ بال کے بادشاہ کرسٹیانو رونالڈو کا میدان کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔دنیائے فٹ بال کے بادشاہ کرسٹیانو رونالڈو نے میدان کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کر لیا‘ رونالڈو کا مانچسٹر یونائیٹڈ کی موجودہ کارکردگی پر افسوس،کلب کی سمت درست نہیں، ہر آغاز کا ایک انجام ہوتا ہے، دنیا کے عظیم فٹبالر رونلاڈو کا پیغام۔ تفصیلات کے مطابق اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد فٹبال سے ریٹائر ہونے والے ہیں، تاہم وہ اپنے شاندار کیریئر کے اختتام کے لیے ذہنی طور پر طویل عرصے سے تیار ہیں۔

رونالڈو پرتگالی اسٹارفٹ بالر جو اب تک کلب اور ملک کے لیے مجموعی طور پر 952 گول اسکور کر چکے ہیں، نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ ایک ہزار گول کا ہدف حاصل کرنے کے بعد کھیل کو خیرباد کہیں گے۔ برطانوی میزبان پیئرس مورگن کو دیے گئے انٹرویو میں پانچ بار کے بیلن ڈی’اور ایوارڈ یافتہ رونالڈو نے کہا“میں سمجھتا ہوں کہ میں تیار ہوں، لیکن یہ بہت مشکل ہوگا۔ میں نے اپنی ریٹائرمنٹ کی تیاری 25 یا 26 سال کی عمر سے ہی شروع کر دی تھی۔

کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ میں اس دباؤ کو برداشت کر سکوں گا، البتہ کسی گول کے بعد ملنے والا ایڈرینالین کا احساس کبھی نہیں بھول سکتا۔”رونالڈو کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنے لیے، اپنے خاندان اور بچوں کی پرورش کے لیے زیادہ وقت نکالنا چاہتے ہیں کیونکہ“ہر چیز کا ایک آغاز اور ایک انجام ہوتا ہے۔”مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق فارورڈ نے اپنی سابقہ ٹیم کے بارے میں بھی افسوس کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اداس ہوں کیونکہ یونائیٹڈ دنیا کے اہم ترین کلبوں میں سے ایک ہے اور آج بھی میرے دل کے قریب ہے، لیکن کلب کے اندر کوئی مضبوط ساخت نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ صورتحال مستقبل میں بدلے گی، کیونکہ کلب کی صلاحیت غیر معمولی ہے۔ رونالڈو کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ اس وقت غلط سمت میں جا رہا ہے اور مسئلہ صرف کوچ یا کھلاڑیوں کا نہیں، بلکہ پورے نظام کا ہے۔ انہوں نے موجودہ مینیجر روبن اموریم کے بارے میں کہا کہ“وہ اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں، لیکن فٹبال میں معجزے ممکن نہیں ہوتے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.