پاکستان کی پہلی گوگل کروم بْک اسمبلی لائن کا قیام، اسحاق ڈار نے افتتاح کر دیا

حال نیوز۔۔۔۔۔۔پاکستان کی پہلی گوگل کروم بْک اسمبلی لائن کا قیام، اسحاق ڈار نے افتتاح کر دیا، گوگل اور پاکستان ایک لاکھ ڈیولپرز کی تربیت کیلئے تعاون کرینگے، کروم بْک کی مقامی اسمبلی سے ڈیجیٹل ٹولز تک رسائی خاص طور پر تعلیمی شعبے میں سستی اور جامع ہو جائیگی۔ نائب وزیرِ اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی پہلی گوگل کروم بْک اسمبلی لائن کا افتتاح کیا اور اسے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جس سے ڈیجیٹل آلات کی رسائی عام شہریوں کے لیے مزید آسان ہو جائیگی۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم ایک تاریخی موقع کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جب ہم گوگل اور پاکستان کے درمیان بیش قیمت شراکت داری کا جشن منا رہے ہیں۔

نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کروم بْک کی مقامی اسمبلی سے ڈیجیٹل ٹولز تک رسائی خاص طور پر تعلیمی شعبے میں سستی اور جامع ہو جائے گی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسمبلی لائن کے قیام کی بڑی اقتصادی اہمیت ہے، کیوں کہ یہ روزگار کے مواقع، سپلائی چین کی ترقی اور مستقبل کی ٹیکنالوجی برآمدات کی بنیاد رکھتا ہے۔ان کے مطابق ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت کے تحت گوگل اور پاکستان ملک بھر میں ایک لاکھ ڈیولپرز کی تربیت کے لیے تعاون کریں گے اور گیمنگ اور اسٹارٹ اَپ صنعتوں کے لیے خصوصی پروگرامز تیار کیے جائیں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم مل کر مقامی سطح پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی حل بھی متعارف کرائیں گے، جیسے پبلک سیفٹی کے لیے اینڈرائیڈ سروسز، اور ایک لاکھ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس فراہم کیے جائیں گے تاکہ پاکستانیوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل تربیت اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مہارتیں حاصل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ گوگل کا پاکستان میں اپنا دفتر قائم کرنا صرف علامتی نہیں بلکہ قومی فخر کا لمحہ اور پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل معیشت، اختراعی نظام اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے ایک اسٹریٹجک سنگِ میل ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گوگل کی مقامی موجودگی سے وہ پاکستان کے ڈیولپرز، اسٹارٹ اَپس اور کاروباری ماہرین کے زیادہ قریب آ جائے گا، جس سے براہِ راست تعاون، استعداد میں اضافہ اور عالمی پلیٹ فارمز تک بہتر رسائی ممکن ہوگی۔ انہوں نے وزیرِ دفاعی پیداوار محمد رضا حیات اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد کی کوششوں کو بھی سراہا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.