بلوچستان، سیکورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن فتنہ الہندوستان کے4 دہشتگرد ہلاک

حال نیوز۔۔۔۔۔بلوچستان، سیکورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن فتنہ الہندوستان کے4 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری، بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا ناسور ختم کیا جائے گا، قلات میں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان کے 4دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ یکم نومبر کی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے موثر کارروائی کی، جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ہلاک ہونے والے دہشتگرد متعدد سابقہ دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ باقی دہشتگردوں کو بھی مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد دہشتگردی کی مہم جاری رکھیں گے تاکہ بلوچستان میں بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔آئی ایس پی آر نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز کے تعاون میں مدد فراہم کریں اور مشکوک عناصر کی فوری اطلاع دیں تاکہ دہشتگردی کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم 4 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے،ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

آصف علی زرداری صدر پاکستان نے قلات میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم سکیورٹی فورسز کیساتھ ہے اور دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔صدرِ مملکت نے 4 بھارتی پشت پناہی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کو قومی سلامتی کیلئے اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم و استقلال کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔ صدرِ مملکت نے وطن دشمن عناصر کے خلاف آپریشن ”عزمِ استحکام“ کے تسلسل کو قومی سلامتی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کے بھارتی نیٹ ورک کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے۔اپنے بیان میں وزیرداخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات مندی سے 4 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قوم فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی بہادری اور عزم کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.