حال نیوز۔۔۔۔۔۔پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت اور با صلاحیت اداکارہ مایا علی اور فیشن ڈیزائنر فائزہ ثقلین میں ٹھن گئی، ڈیزائن چوری کرنیکا الزام عائد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر فائزہ ثقلین نے اداکارہ اور فیشن برانڈ کی مالک مایا علی پر اپنے لباس کے ڈیزائنز نقل کرنے کا الزام عائد کر دیا۔فائزہ ثقلین پاکستان کی صفِ اول کی ڈیزائنرز میں شمار ہوتی ہیں، ان کا فیشن لیبل ملک بھر میں مقبول ہے اور ان کے ملبوسات متعدد اے لسٹ شوبز شخصیات زیبِ تن کر چکی ہیں۔
معروف فیشن ڈیزائنر فائزہ ثقلین اور اداکارہ مایا علی کے درمیان ایک زمانے میں گہری دوستی نظر آتی تھیں، دونوں ناصرف ایک دوسرے کے پروگراموں میں شریک ہوتی تھیں بلکہ ان کے تعلقات خاندانی نوعیت کے قرار دیے جاتے تھے تاہم، تعلقات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب مایا علی نے اپنا فیشن برانڈ مایا پریٹ لانچ کیا، جو فارمل ویئر میں مہارت رکھتا ہے۔مایا پریٹ نے کم عرصے میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور اس کے اشتہاری مہمات میں امیر گیلانی اور ماورا حسین جیسے معروف چہرے شامل رہے۔
حالیہ دنوں میں فائزہ ثقلین نے سوشل میڈیا پر مایا پریٹ پر اپنے ڈیزائنز کی نقل کرنے کا الزام لگایا اور مبینہ طور پر نقل شدہ ملبوسات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے مایا علی سے ذاتی طور پر بھی دکھ پہنچا ہے، کیونکہ وہ ایک وقت میں میری قریبی دوست تھیں۔ دوسری جانب، سوشل میڈیا پر صارفین کی مخلوط آرا سامنے آئی ہیں۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ڈریسز کے رنگ ملتے جلتے ضرور ہیں مگر ڈیزائنز مختلف ہیں۔ کئی صارفین نے کہاکہ یہ روایتی مشرقی اسٹائلز ہیں جنہیں ہر ڈیزائنر اپنے انداز میں استعمال کرتا ہے۔