رضوان آؤٹ، شاہین ان، پاکستان نے ون ڈے ٹیم کے کپتان کا فیصلہ کر لیا

  • حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔رضوان آؤٹ، شاہین ان، پاکستان نے ون ڈے ٹیم کے کپتان کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان کو کپتانی سے فارغ کر کے ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔پی سی بی نے اعلان کیا کہ شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر اب جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، جو 4سے 8نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

    شاہین شاہ آفریدی کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔25سالہ فاسٹ بالر اب تک پاکستان کی جانب سے 66ون ڈے اور 92ٹی 20انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 249وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 32ٹیسٹ میچوں میں شاہین نے 120وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔شاہین آفریدی اس سے قبل 2024میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر پانچ ٹی 20میچوں میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے شاہین آفریدی کو کپتان بنانے پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ محمد رضوان کے ساتھ ٹھیک نہیں ہوا۔محمد عامر کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ محمد رضوان کے ساتھ مناسب سلوک کیا گیا ہے، ان حالات میں یہ فیصلہ اچھا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ رضوان کی قیادت میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا میں سیریز جیتے جو ہمارے بڑے کپتان بھی حاصل نہیں کرسکے، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے تھا۔

    ماضی کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا کہ کپتانی کا انحصار صرف ایک اچھی یا بری سیریز پر نہیں ہونا چاہیے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کپتان راتوں رات نہیں بنتے تاہم یہاں ایک خراب سیریز کپتان کی جگہ لینے کیلئے کافی ہے، رضوان ذہین کپتان ہے اور اس میں مہارت بھی ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر شاہین کو قومی ٹیم کی باگ دوڑ سونپنی ہی تھی تو پہلے انہیں نائب کپتان بنانا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان کو ون ڈے کی کپتانی سے ہٹا کر شاہین آفریدی کو جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں کپتان مقرر کیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.