حال نیوز۔۔۔۔۔پاکستان نے لاہور ٹیسٹ 93 رن سے جیت لیا، مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دیکھنا پڑی۔ قومی ٹیم نے لاہور ٹیسٹ جیتنے کے لیے مہمان ٹیم کو 277رنز کا ہدف دیا تھا، پروٹیز ٹیم 183رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نعمان علی 10وکیٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،ساجد خان نے 5،شاہین آفریدی نے 4وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 93رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، نعمان علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 10کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، انہوں نے اپنے 19 ویں ٹیسٹ میں تیسری مرتبہ میچ میں 10یا زائد کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 277رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پروٹیز ٹیم 183رنز پر ڈھیر ہوگئی۔چوتھے دن کھیل کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ نے 2وکٹوں کے نقصان پر 51رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، پروٹیز بلے باز ریان ریکلٹن 29اور ٹونی ڈی زورزی 16رنز بنارکھے تھے۔ٹونی ڈی زورزی چوتھے دن کی تیسری ہی گیند پر کسی بھی رنز کا اضافہ کیے بغیر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے جبکہ ریان ریکلٹن 45رنز بنانے کے بعد نعمان علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے اور ٹرسٹن اسٹبس محض 2رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ڈیوالڈ بریوس نے پاکستانی بالرز کو خوب پریشان کیا اور ایسا دکھائی دے رہا تھا اگر وہ کچھ دیر اور کریز پر موجود رہے تو میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل جائے گا۔
نعمان علی نے ایک بار پھر اپنا تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں بولڈ کردیا، وہ 54گیندوں پر 54رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 2چھکے اور 6چوکے شامل تھے۔ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈیوالڈ بریوس 54رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4اور ساجد خان نے 2وکٹیں حاصل کیں۔نعمان علی نے مجموعی طور پر میچ میں 10وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 4وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ سلمان علی آغا کے حصے میں آئی۔ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز کی 109 رنز کے برتری کے باوجود دوسری اننگز میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ نہ کرسکی اورصرف 167 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بابر اعظم 42 رنز، عبداللہ شفیق 41، سعود شکیل 38، محمد رضوان 14، نعمان علی 11، کپتان شان مسعود 7، سلمان علی آغا 4 اور ساجد خان ایک سکور بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق اور شاہین شاہ آفریدی بغیرکوئی سکوربنائے پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کے متھو سوامی نے دوسری اننگز میں 5، سائمن ہارمرنے4اورکاگیسو ربادانے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 269 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔ ٹونی ڈی زورزی نے 104 رنز بنائے جبکہ ریان ریکلٹن نے 71 رنز بناکرنمایاں بیٹسمین رہے۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی 6، ساجد خان 3 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی تھی۔ امام الحق اورسلمان علی آغا 93، 93، شان مسعود76 اورمحمدرضوان 75رنزبناکرنمایاں بیٹسمین رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سینورن متھوسوامی نے 6، پرینیلان سبرائن نے 2، سائمن ہارمر اور کگیسو رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔