حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔صوبہ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں غیر قانونی لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کی بھرمار ہو گئی۔ غیر قانونی لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز والے کی وجہ سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں غیر معیاری اور بغیر لائسنس چلنے والی پرائیویٹ لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کی بھرمار نے عوام کی صحت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ محکمہ صحت بلوچستان کا چیک اینڈ بیلنس کا نظام ناکام دکھائی دے رہا ہے، جبکہ بخت محمد کاکڑ صوبائی وزیر صحت کے بلند و بانگ دعوے عملی طور پر ادھورے ثابت ہو رہے ہیں۔شہر بھر میں متعدد نجی لیبارٹریاں بغیر کسی قانونی رجسٹریشن، تربیت یافتہ اسٹاف یا جدید مشینری کے بغیر کام کر رہی ہیں۔
غیر قانونی لیبارٹریز سے حاصل کردہ ٹیسٹ رپورٹس غیر مستند اور غیر یکساں پائی جاتی ہیں، جو نہ صرف غلط علاج کا سبب بن سکتی ہیں بلکہ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ایک شہری کا کہنا تھا کہ انہوں نے جناح روڈ پر واقع تین مختلف لیبارٹریز سے اپنا شوگر فاسٹنگ ٹیسٹ کروایا، لیکن حیرت انگیز طور پر تینوں رپورٹس میں شوگر کی سطح مختلف نکلی: ایک رپورٹ میں نارمل، دوسری میں کم اور تیسری میں بہت زیادہ شوگر ظاہر کی گئی۔ اس تضاد نے انہیں ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیا اور علاج کے انتخاب میں الجھن پیدا کی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ غیر مستند لیبارٹریز کے ٹیسٹ رپورٹس پر علاج کروانا نہایت خطرناک ہو سکتا ہے، جس سے غلط دوا کا استعمال، پیچیدگیاں اور بعض اوقات موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔کوئٹہ میں درجنوں میڈیکل اسٹورز بھی بغیر کسی مستند فارماسسٹ یا لائسنس کے کام کر رہے ہیں، اور غیر تربیت یافتہ عملہ مہنگی اور حساس ادویات فروخت کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کے پاس مثر مانیٹرنگ ٹیمیں نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ بیشتر افسران کاغذی کارروائیوں تک محدود ہیں۔
کوئٹہ شہر کے شہریوں کا کہنا تھا کہ تمام لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کی فوری جانچ پڑتال کی جائے، بغیر لائسنس اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، غلط رپورٹس جاری کرنے والی لیبارٹریز کو سیل کیا جائے، اور محکمہ صحت میں اصلاحات اور جوابدہی کا مثر نظام قائم کیا جائے۔واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سول ہسپتال کے ارد گرد، سلیم میڈیکل کمپلیکس کے ارد گرد اور اکرم ہسپتال کی پارکنگ میں چھوٹی دکانوں کی شکل میں غیر معیاری لیبارٹریاں قائم ہیں، جو شہریوں کی صحت کے لیے شدید خطرہ ہیں۔