حال نیوز۔۔۔۔۔۔انگلینڈ کے شہر ویلز میں جاری عالمی فوجی مشقوں میں افواج پاکستان کی ٹیم نے سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ کے شہر ویلز میں 3 سے 13 اکتوبر 2025 تک جاری رہنے والی عالمی فوجی مشق ”کیمبرین پیٹرول 2025” میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
اس سال کیمبرین پیٹرول مشق کا 66 واں ایڈیشن منایا گیا، جو اپنی سخت ترین پیشہ ورانہ مہارتوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس مشق میں دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی 137 ٹیموں نے 36 ممالک کی نمائندگی کی۔
تمام ٹیموں کو دشوار گزار علاقوں میں 60 کلومیٹر فاصلہ 48 گھنٹوں میں طے کرتے ہوئے مخصوص فوجی اہداف مکمل کرنا ہوتے ہیں۔ پاکستان آرمی کی ٹیم، جس کی قیادت کیپٹن محمد سعد نے کی، نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس پر انہیں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
ترجمان افواج پاکستان کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف پاکستان آرمی بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی اعلیٰ تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وطن سے وابستگی کا لوہا منوایا ہے اور مستقبل میں بھی وطن کا نام روشن کرنے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔