حال نیوز۔۔۔۔۔سوئنگ کے سلطان کے نام سے مشہور سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم وسیم اکرم نے انڈین میڈیا کو آئینہ دیکھا دیا۔ گزشتہ روز وسیم اکرم نامی جاسوس کے گرفتار ہونے پر انڈین میڈیا نے خبر کے ساتھ پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی تصویر جاری کر دی تھی جس پر سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتوں لے لیا۔فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سابق کپتان نے بھارتی میڈیا کو ہم نام جاسوس پکڑے جانے پر، جاسوس کے بجائے ان کی تصویر استعمال کرنے پر سخت تنقید کی۔
خبر پر ردعمل دیتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اگر آپ اتنے ہی ڈیڑھ ہوشیار ہیں تو پہلے خبر کی تصدیق کرلیا کریں۔اپنے ویڈیو پیغام میں سوئنگ کے سلطان نے صارفین سے بھی درخواست کی کوئی بھی تبصرہ کرنے سے قبل تصدیق کرلیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کو مشورہ دوں گا کہ سوشل میڈیا پر ہر وسیم اکرم میں نہیں، جعلی اکاؤنٹ یا پیریڈی اکاؤنٹ کے حوالے سے پہلے تصدیق کرلیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک میں وسیم اکرم نامی جاسوس پکڑا گیا ہے اور ان کا میڈیا میری تصویر لگا رہا ہے اور صارفین بھی بغیر تصدیق تبصرے کر رہے ہیں۔وسیم اکرم نے بھارتی میڈیا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی جان پر عذاب نہ ڈالیں، پُرسکون رہیں، پہلے چیک کرلیں۔واضح رہے کہ ہریانہ سے وسیم اکرم نامی یوٹیوبر کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، تاہم مذکورہ یوٹیوبر کے بجائے سستی شہرت کے لیے انڈین میڈیا نے پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کی تصویر استعمال کی تھی۔