امن معاہدے کی طرف بڑھ رہے ہیں اسرائیل اپنی کارروائیاں بند کرے، اقوام متحدہ

حال نیوز۔۔۔۔۔امن معاہدے کی طرف بڑھ رہے ہیں اسرائیل اپنی کارروائیاں بند کرے، اقوام متحدہ نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔ انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے فلسطین میں اسرائیلی کارروائیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن کی قیمت عام لوگوں کو اپنی جانوں اور مستقبل سے ادا کرنا پڑتی ہے۔انتونیو گوتریس نے تمام یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ د ہرایا۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ غزہ میں انسانی تباہی ایک ایسی سطح پر ہے جو فہم سے بالا ہے۔اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ میں آپریشن کے دوران اب تک 67ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ لاکھوں افراد زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ کا خیال ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے ہزاروں افراد کی نعشیں ہو سکتی ہیں اس لئے مذکورہ اعداد و شمار کم ثابت ہو سکتے ہیں۔انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے اور مستقل جنگ بندی کے معاہدے کی طرف بڑھا جائے اور ایسے قابل اعتماد سیاسی عمل کی طرف جایا جائے جو مزید خونریزی روکے۔

انتونیو گوتریس نے ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے گئے غزہ امن منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا موقع ہے جس سے اس المناک تنازع کو ختم کرنے کے لیے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انکا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قانون کا ہر صورت میں احترام کیا جائے اور ایک بار پھر د ہرایا کہ اقوام متحدہ امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے متاثرین کو صرف ایک یادگاری موقع تک یاد نہ رکھا جائے بلکہ ایسے اقدامات کیے جانے چاہییں جو منصفانہ اور دیرپا امن کا باعث بنیں، جس میں فلسطینی، اسرائیلی اور خطے کے تمام لوگ سلامتی، باہمی احترام اور وقار کے ساتھ زندگی گزاریں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.